لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے ہمراہ معاہدوں کی تفصیلات بتائیں۔

عاقب جاوید کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کی مشترکہ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل ٹیسٹ کیٹیگری کا حصہ ہوں گے۔

ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی مشترکہ کیٹیگری میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو جگہ دی گئی ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتر مینجمنٹ اور کارکردگی میں بہتری کے لیے واضح حکمت عملی ضروری ہے۔ قومی ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کیے جا رہے ہیں اور ہر فارمیٹ کی ضروریات کے مطابق کرکٹرز تیار کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کیٹیگری میں 19 نوجوان کرکٹرز شامل ہیں، جنہیں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار کیا جائے گا۔

ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہزیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

عاقب جاوید نے واضح کیا کہ ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کھلاڑی کی اگلے پانچ برس تک قومی ٹیم میں جگہ یقینی ہو گئی ہے۔ کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر معاہدے دیے جائیں گے اور ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ بھی موجودہ کارکردگی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے صرف سینٹرل کنٹریکٹ کو معیار نہیں بنایا جائے گا اور گزشتہ سال کے کنٹریکٹ کیٹیگریز بھی سلیکشن کا واحد پیمانہ نہیں تھیں۔