تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے قرض کی ایک نئی چوتھی کیٹیگری (ٹیئر 4) شامل کر دی ہے، جس کے تحت اہل درخواست گزار اب 2 کروڑ 50 لاکھ روپے (25 ملین) تک کا قرض حاصل کر سکیں گے۔
مرکزی بینک کی جانب سے تمام بینکوں کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ نئے متعارف کرائے گئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔
نظرثانی شدہ فریم ورک کے تحت طویل مدتی قرضوں کی واپسی کی زیادہ سے زیادہ مدت 8 سال ہوگی، جس میں ایک سال تک کا رعایتی دورانیہ (گریس پیریڈ) بھی شامل ہے، جب کہ بینک اپنی پالیسی کے مطابق ضمانت کا تعین کریں گے۔
ٹیئر 4 کے تحت قرض حاصل کرنے والے صارفین کے لیے شرحِ سود 8 فیصد مقرر کی گئی ہے، جب کہ بینکوں کے لیے اس کی قیمت چھ ماہ کے کائبور (KIBOR) کے ساتھ 2.4 فیصد رکھی گئی ہے۔
قرضوں کی فراہمی سے وابستہ خطرات کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو کی سطح پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی، جب کہ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط و ضوابط کا اطلاق نئے درجے پر بھی ہوگا۔
نظرثانی شدہ اسکیم کے تحت اب فنانسنگ کے چار بنیادی درجے ہوں گے۔ ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے تک کے قرضے صفر فیصد شرحِ سود پر فراہم کیے جائیں گے، جب کہ ٹیئر 2 میں 5 لاکھ روپے سے زائد اور 15 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر 5 فیصد شرحِ سود لاگو ہوگی۔
اسی طرح ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ روپے سے زائد اور 75 لاکھ روپے تک کے قرضے 7 فیصد شرحِ سود پر دستیاب ہوں گے، جب کہ نئی متعارف کردہ ٹیئر 4 کیٹیگری میں 75 لاکھ روپے سے زائد اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر 8 فیصد شرحِ سود مقرر کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک نے ٹیئر 3 کے لیے بینک پرائسنگ پر بھی نظرثانی کرتے ہوئے اسے چھ ماہ کے کائبور کے ساتھ 2.4 فیصد مقرر کیا ہے۔
مزید برآں لیپ ٹاپ فار آل اقدام اور ممکنہ طور پر بیرونِ ملک جانے والے ورکرز کی کیٹیگری کو اپ ڈیٹ کردہ انتظام کے تحت ٹیئر 5 میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے تمام شریک بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم کے تحت خواتین قرض دہندگان کے لیے مختص کوٹہ بڑھا کر کم از کم 30 فیصد کیا جائے۔
سرکلر کے مطابق سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار اور دیگر موجودہ شرائط برقرار رہیں گی، جب کہ نئی ترامیم کا اطلاق سرکلر کے اجرا کے بعد جاری ہونے والے قرضوں پر ہوگا۔







