رحیم یار خان میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کی تقسیم کے قائل نہیں، تاہم جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی اس حوالے سے قرارداد منظور کرچکی ہے اور علاقے کے عوام بھی الگ صوبہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عوام کی خواہشات کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بیک ڈور طریقے کے بجائے جمہوری جدوجہد کی جائے گی۔ جنوبی پنجاب صوبے کی جدوجہد کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، مہنگائی اور غربت میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا اور ادویات خریدنا مشکل ہوگیا ہے، جب کہ کسانوں اور کاشتکاروں کو بھی اپنی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت غریب دوست ہے اور حکمرانوں کی توجہ ملک کے اصل معاشی مسائل کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کررہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ وقت نفرت، تقسیم اور سیاسی انتقام کی سیاست کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کی خدمت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اداروں کو بھی عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مخدوم سید احمد محمود اور ان کے بیٹوں کا بھرپور ساتھ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔