ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ امریکی جنگی طیارہ ہنگام جزیرے کے جنوب مشرق میں سمندری علاقے میں ایرانی فضائی حدود کے قریب آیا تھا۔ ایرانی دفاعی نظام کی جانب سے وارننگ جاری کیے جانے کے بعد طیارے نے فوری طور پر اپنا رخ تبدیل کرلیا۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت سے متعلق ضوابط کو نظرانداز کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار فریقوں اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی فوج نے اپنی فضائی حدود کو ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی طیاروں کی جانب سے کسی بھی مبینہ خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
نئے تصادم کی صورت میں امریکہ کو جدید دفاعی نظاموں کا سامنا ہوگا، ایران
دوسری جانب ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی تصادم ہوا تو امریکی افواج کو ایران کے نئے اور جدید فضائی دفاعی نظاموں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق حبیب اللہ سیاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس کے تنازعات سے ایران نے یہ سبق سیکھا ہے کہ اپنی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ان کے مطابق ایران نے نئے فضائی دفاعی نظام تیار کیے ہیں جنہوں نے پہلے ہی مخالف قوتوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حملے کی صورت میں امریکہ ان دفاعی نظاموں کی صلاحیتوں اور اثرات کا تجربہ کرے گا۔
دریں اثنا ایرانی خبر رساں ادارے مہر نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران رواں سال تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک 78 امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کر چکا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ کی اگست میں شائع ہونے والی ایک غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکہ کم از کم 45 ایم کیو 9 ریپر ڈرون کھو چکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ان میں سے ہر ڈرون کی تیاری پر تقریباً پانچ کروڑ ڈالر تک لاگت آتی ہے۔







