اجلاس کے دوران پاکستان اور روس نے تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا اور مستقبل کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کو اپنے اقتصادی تعاون کا اہم ہدف قرار دیا۔

اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کے پروٹوکول اور 2026 سے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بھی معاہدے طے پائے۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ترجیحی شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 10واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جبکہ ماسکو میں ہونے والے 11ویں اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعتی ترقی، زراعت اور کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر غور کیا۔ اس کے علاوہ ادویہ سازی، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان اور روس نے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے، سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور اجلاس میں طے پانے والے اقدامات پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ادارہ جاتی روابط برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور روس نے مستقبل میں بامقصد اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔