عالمی خبررساں ادارے بلوم برگ کی جانب سے 25 نومبر تک مرتب کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نومبر کے دوران کئی بڑی عالمی منڈیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کی اسٹاک مارکیٹ 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، جب کہ دبئی کی مارکیٹ میں 10.2 فیصد اور قطر کی مارکیٹ میں 9.8 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج 7.3 فیصد اضافے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی، جب کہ سری لنکا کی اسٹاک مارکیٹ نے 5.5 فیصد مثبت کارکردگی دکھائی۔
اس کے برعکس ایشیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مندی دیکھنے میں آئی۔ جنوبی کوریا کی مارکیٹ میں 17.5 فیصد، تائیوان میں 16 فیصد، جاپان میں 10.2 فیصد اور سنگاپور میں 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سلوواکیہ کی اسٹاک مارکیٹ بھی 7.1 فیصد تنزلی کا شکار رہی۔
نومبر 2026 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ماہ کے ابتدائی حصے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ 13 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 987.19 پوائنٹس یعنی 2.3 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 77 ہزار 873.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجوہات میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مضبوط آمد شامل تھیں، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی۔
تاہم مختلف عوامل کے باعث مارکیٹ کا مثبت رجحان مسلسل چیلنجز سے دوچار رہا اور حصص کی خرید و فروخت میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ 20 نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں کے ایس ای 100 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
اس دوران نئے صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ ریفرنڈم سے متعلق ملکی سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات بھی زائل ہوگئے۔
اس کے بعد ہونے والے کاروباری سیشنز میں بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار رہا۔ 25 نومبر کو اسٹاک مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر تیزی دیکھی گئی، جہاں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 68.42 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ محدود دائرے میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتی ہے۔ ان کے نزدیک عالمی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایسے اہم عوامل ہیں جو سرمایہ کاروں کے رجحانات اور اسٹاک مارکیٹ کی سمت کا تعین کریں گے۔







