پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سفارش کی، جس کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 385 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں بھی فی لیٹر 3 روپے 40 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 10 ستمبر 2026 سے ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ دو روز کے دوران بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا تھا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 364 روپے 35 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔