پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 393 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 377 روپے 71 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک نافذ العمل ہوں گی۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 30 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 21 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے کی کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 379 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے کا معمولی اضافہ کیا گیا تھا اور نئی قیمت 390 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

20 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 53 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 382 روپے 2 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 389 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

19 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کی بڑی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 381 روپے 14 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 سے 19 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 386 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر ہوا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔