ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو جون 2026 کی ہے، جس پر پولیس نے اداکارہ میرا اور گھریلو ملازمہ کو طلب کرکے معاملے کی باقاعدہ انکوائری کی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ انکوائری کے دوران گھریلو ملازمہ نے معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہونے کی تصدیق کی جب کہ اداکارہ میرا کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا بیان بھی ریکارڈ کروایا۔

ترجمان کے مطابق ملازمہ کا تحریری معاہدہ اور ویڈیو بیان بھی پولیس ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اداکارہ میرا نے بھی ملازمہ کے خلاف گھر سے سامان لے جانے کے حوالے سے درخواست دی تھی۔ تاہم ملازمہ کی جانب سے اشیاء واپس کیے جانے کے بعد اداکارہ میرا نے اپنی درخواست بھی واپس لے لی۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس انکوائری میں دونوں فریقین کے درمیان معاملہ طے پانے کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ ملازمہ نے واضح طور پر اداکارہ میرا کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا۔

مزید پڑھیں: اداکارہ و ماڈل ہما سلیم کا قومی کرکٹر پر ہراسانی کے الزامات، قانونی کارروائی کا عندیہ

واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اداکارہ میرا اور ملازمہ کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے مناظر دکھائی دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آیا۔

ملازمہ کے مبینہ طور پر سامنے آنے والے مختلف ویڈیو بیانات میں بھی تضاد دیکھا گیا تھا۔ ایک بیان میں تشدد کا الزام عائد کیا گیا جب کہ بعد ازاں تھانے میں ریکارڈ کیے گئے بیان میں ملازمہ نے تشدد کی تردید کرتے ہوئے اداکارہ میرا کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا تھا۔

پولیس کے مطابق موجودہ صورتحال میں دونوں فریقین کے درمیان معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہوچکا ہے۔