راک اسٹار گیمز کے مطابق جی ٹی اے 6 کی خصوصی ’ایکسٹینڈڈ لُک‘ پریزنٹیشن 27 اگست کو نیٹ فلکس پر نشر کی جائے گی، جو پاکستانی وقت کے مطابق 28 اگست کو رات 12 بجے دستیاب ہوگی۔

گیمرز کو طویل عرصے سے جی ٹی اے 6 کے تیسرے ٹریلر اور گیم پلے کی تفصیلات کا انتظار ہے، تاہم نئی پریزنٹیشن میں گیم پلے کی پہلی تفصیلی جھلک سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 30 منٹ کی پریزنٹیشن میں بنیادی طور پر گیم کے سنگل پلیئر تجربے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جب کہ راک اسٹار گیمز نے تاحال جی ٹی اے 6 کے آن لائن ملٹی پلیئر موڈ کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔

نیٹ فلکس پر پریزنٹیشن کی ابتدائی نشریات کے بعد اسے راک اسٹار گیمز کے آفیشل یوٹیوب چینل پر بھی جاری کیا جائے گا، تاہم یوٹیوب پر نشریات تقریباً 6 گھنٹے بعد دستیاب ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب حالیہ لیکس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 27 اگست کی پریزنٹیشن ممکنہ طور پر تین حصوں پر مشتمل نیٹ فلکس سیریز کی پہلی قسط ہوسکتی ہے، تاہم راک اسٹار گیمز نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی۔

جی ٹی اے 6 کا اعلان فروری 2022 میں کیا گیا تھا، جب کہ دسمبر 2023 میں جاری کیے گئے پہلے ٹریلر میں لوسیا کو متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد مئی 2025 میں دوسرے ٹریلر کے ذریعے جیسن کو بھی مرکزی کردار کے طور پر پیش کیا گیا۔

جی ٹی اے 6 کی ریلیز 19 نومبر کو متوقع ہے، جس سے قبل 27 اگست کی پریزنٹیشن میں گیم کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔