نئے ٹریلر میں ڈاکٹر ڈوم کو اندرونی کشمکش اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھایا گیا ہے، جب کہ شائقین کو پہلی مرتبہ اس خطرناک ولن کے کردار کو نسبتاً قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ہے۔

فلم کی سب سے بڑی خاص بات رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی مارول سنیماٹک یونیورس میں واپسی ہے۔ تاہم اس مرتبہ وہ آئرن مین کے بجائے ولن ڈاکٹر ڈوم کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مارول سنیماٹک یونیورس کا حصہ بنے ہیں۔

یہ ٹریلر دراصل وہی فوٹیج ہے جو گزشتہ ماہ سان ڈیاگو کامک کان میں خصوصی طور پر دکھائی گئی تھی، تاہم اب اسے عام شائقین کے لیے بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل 14 اگست کو ڈزنی کے D23 پروگرام میں بھی ٹریلر پیش کیا گیا تھا۔

ٹریلر سے قبل تقریب میں ہیو جیکمین کی ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں وہ ’ولورین‘ کے روپ میں فلم کے بارے میں گفتگو کرتے نظر آئے۔ ویڈیو میں ڈیڈپول بھی دلچسپ انداز میں جیکمین کو مسلسل ٹوکتا رہا اور انہیں بتاتا رہا کہ کیا کہنا چاہیے۔

فلم کی ہدایت کاری روسو برادران کر رہے ہیں، جب کہ اس میں مارول کی مختلف فرنچائزز کے بڑے نام شامل ہیں۔ 2000 کی دہائی کی اصل ’ایکس مین‘ فلموں سے پیٹرک اسٹیورٹ اور ایان میک کیلن بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

فلم میں کرس ایونز اور کرس ہیمسورتھ کے علاوہ ’بلیک پینتھر‘ سے لیٹیشیا رائٹ اور ونسٹن ڈیوک، ’شانگ چی‘ سے سیمو لیو اور ’فینٹاسٹک فور: فرسٹ اسٹیپس‘ سے پیڈرو پاسکل، وینیسا کربی، ایبن موس باچراک اور جوزف کوئن بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انتھونی میکی، پال رڈ، سیبسٹین اسٹین، فلورنس پِیو، وائٹ رسل اور ڈیوڈ ہاربر بھی فلم کا حصہ ہیں۔

مارول اسٹوڈیوز نے اب تک فلم کی کہانی اور کرداروں سے متعلق تفصیلات بڑی حد تک خفیہ رکھی ہیں، تاہم مختلف ٹیزرز اور ٹریلرز کے ذریعے مداحوں کے لیے فلم کی دنیا کی جھلکیاں پیش کی جاتی رہی ہیں۔

’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ 18 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی، جہاں ڈاکٹر ڈوم کا سامنا مارول کی مختلف دنیاؤں کے ہیروز سے ہوگا۔