ٹام ہالینڈ کی مرکزی کردار میں بننے والی فلم نے پانچویں ویک اینڈ تک دنیا بھر سے تقریباً 2.33 ارب ڈالر کما لیے، جس کے بعد یہ دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

فلم نے باکس آفس کی دوڑ میں کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے ’ایواٹار: دی وے آف واٹر‘ کو معمولی فرق سے پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ’ٹائٹینک‘ اور ’نی زھا 2‘ بھی اب اس کے بعد آتے ہیں۔

’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے ریلیز کے صرف 31 دن میں 2 ارب ڈالر سے زائد کمانے والی فلموں کے کلب میں جگہ بنالی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ فلم نے اسپائیڈر مین فرنچائز کی سابقہ تمام فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اسے سیریز کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں فی الحال ’ایواٹار‘ تقریباً 2.92 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ تقریباً 2.79 ارب ڈالر کے بزنس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

فلم نے امریکا اور کینیڈا کے باکس آفس پر بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ’برانڈ نیو ڈے‘ مسلسل 31 دن تک شمالی امریکا کی باکس آفس رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہی۔

فلم نے شمالی امریکا میں تقریباً 891 ملین ڈالر کمائے ہیں، جبکہ پانچویں ویک اینڈ پر بھی اس کا بزنس تقریباً 22.2 ملین ڈالر رہا۔

اب فلم شمالی امریکا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرنے کی دوڑ میں شامل ہے اور ’اسٹار وارز: دی فورس اویکنز‘ کے 936 ملین ڈالر کے ریکارڈ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ سے فلم کو تقریباً 1.44 ارب ڈالر حاصل ہوئے ہیں۔ چین، جاپان، برطانیہ اور بھارت سمیت کئی بڑی مارکیٹس میں فلم کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔

فلم کی کامیابی نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ اسپائیڈر مین کا کردار دنیا بھر کے سنیما شائقین میں غیر معمولی مقبولیت رکھتا ہے، جبکہ ٹام ہالینڈ کی بطور اسپائیڈر مین واپسی نے بھی فلم کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کی ہدایت کاری ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے کی ہے۔ فلم میں ٹام ہالینڈ کے ساتھ زینڈیا، جیکب بیٹالن، سیڈی سنک، مارک روفالو اور جون برنتھل بھی اہم کرداروں میں نظر آئے ہیں۔

فلم کی مسلسل کامیابی کے باعث اس کے باکس آفس بزنس میں مزید اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ شائقین اور فلمی صنعت کی نظریں اب اس بات پر ہیں کہ ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ عالمی سطح پر کمائی کی دوڑ میں اگلی کون سی بڑی فلم کو پیچھے چھوڑتی ہے۔