صوابی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ اسپتالوں کی استعداد بڑھانے، علاج کی سہولیات میں توسیع اور جدید طبی آلات کی فراہمی کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی حقیقی کامیابی صرف عمارت کی تعمیر یا اس کے افتتاح سے نہیں بلکہ اس وقت سامنے آتی ہے جب عام شہری اس سے فائدہ اٹھائے اور اس کی مشکلات میں کمی آئے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال صوابی کے نئے بلاک کو بھی اسی مقصد کے تحت فعال بنایا جانا چاہیے تاکہ ہر ضرورت مند مریض کو بروقت تشخیص اور معیاری علاج کی سہولت حاصل ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع صوابی کی آبادی تقریباً 19 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے، جہاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، باچا خان میڈیکل کمپلیکس، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کے ذریعے عوام کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم آبادی میں اضافے اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث صحت کے موجودہ نظام کو مزید مضبوط بنانے اور اسپتالوں کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال صوابی کے نئے بلاک کی تکمیل سے اسپتال میں 113 اضافی بستروں کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ تشخیص اور علاج کی سہولیات کو بھی وسعت دی گئی ہے۔ اس توسیع سے نہ صرف اسپتال میں مریضوں کے لیے مزید گنجائش پیدا ہوگی بلکہ طبی عملے کو بھی بہتر انداز میں خدمات انجام دینے کا موقع ملے گا۔

گورنر نے واضح کیا کہ نئے بلاک کی تعمیر منصوبے کا آخری مرحلہ نہیں بلکہ عوام کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز ہے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی مناسب تعداد کی موجودگی، ضروری ادویات کی دستیابی، جدید طبی آلات کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ عمارت کے ساتھ علاج کا معیار بھی بہتر ہو۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صرف تعمیراتی کام یا دستیاب آلات کو معیار نہ بنایا جائے بلکہ یہ بھی دیکھا جائے کہ مریضوں کو کس حد تک بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے، طبی سہولیات کی مسلسل نگرانی ضروری ہے اور مریضوں کو درپیش مسائل اور شکایات کا فوری ازالہ کیا جانا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے کمشنر مردان ڈویژن، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور ذمہ داری کے احساس سے عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے وسائل کی فراہمی اور اسپتالوں کی بہتری پر توجہ دی جائے گی، تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے دور دراز علاقوں یا دوسرے صوبوں کا سفر کرنے کی ضرورت نہ رہے اور انہیں اپنے ہی صوبے میں بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔