پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب انہوں نے اس معاملے کی نشاندہی کرکے حقیقت عوام کے سامنے رکھی تو انہیں مخالف سمجھا جانے لگا۔ آج صوبے میں مکمل امن و امان ہے اور دہشت گردی کا مسئلہ ختم ہو چکا ہے، اسی لیے ان کی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کی دعوت دی گئی تو کہا گیا کہ صوبے کی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ان کا یہاں نہ آنا بہتر ہوگا۔

اس پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبے میں اتنا امن ہے تو ان کی سکیورٹی واپس کیوں لی گئی؟ یہ سب تضادات ہیں اور اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ وہ فوج کے خلاف نہیں، فوج ملک کی دفاعی قوت ہے، تاہم وہ اسے قوم کے مقابلے میں نہیں بلکہ دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے تاکہ اسمبلیوں پر عوام کا اعتماد بحال ہو اور ان کی رائے کو حقیقی اہمیت مل سکے۔ ڈمی اسمبلیاں عوام کی خدمت نہیں کر سکتیں بلکہ صرف طاقتور طبقے کے مفادات کا تحفظ کرتی ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے ملکی معیشت اور سیاسی نظام پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات، روپے کی قدر اور مہنگائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو نظام کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، حالانکہ بعض اوقات انہیں ایسے گھوڑے پر سوار کیا جاتا ہے جس کی لگام ان کے ہاتھ میں نہیں ہوتی۔

انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1973 میں اس کے قیام کے باوجود آج تک اس کی کسی ایک سفارش پر بھی قانون سازی نہیں ہو سکی۔

صوبوں کے اختیارات اور نئے انتظامی یونٹس سے متعلق بحث پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ماضی میں صوبوں کے مطالبات کو غداری سے تعبیر کیا جاتا تھا، لیکن اب صوبوں کو تقسیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر دہشت گردی اس اقدام کی وجہ ہے تو بلوچستان میں بھی ایسے حالات موجود ہیں۔

فاٹا کے مستقبل سے متعلق انہوں نے کہا کہ انضمام یا سابقہ حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ وہاں کے عوام پر چھوڑنا چاہیے تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ انہیں براہ راست بتایا گیا تھا کہ فاٹا کے انضمام کے معاملے پر امریکی دباؤ موجود ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اب دوبارہ فاٹا کو وفاق کے زیر انتظام لانے اور وہاں پولیٹیکل ایجنٹ کا نظام بحال کرنے کی بات کی جا رہی ہے، جس کی وجہ ان علاقوں کے معدنی ذخائر میں دلچسپی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمرے سے واپسی پر پی ٹی آئی کا وفد ان سے ملا تھا، جس کے بعد انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت میں کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا کے شہریوں کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، فیصل کریم کنڈی

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے مطالبات پیش کیے تھے اور انہیں تسلیم کیے جانے کی صورت میں لانگ مارچ ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ مذاکرات کے دوران انہیں بتایا گیا کہ کابینہ ہر صورت خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ جو کابینہ ان کے دوسروں کے سہارے چل رہی ہے، کیا اس میں ایسا فیصلہ کرنے کی ہمت ہے؟ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہ ہونے سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، تاہم اختلافی مؤقف رکھنے والوں کے خلاف کارروائی اور انہیں جیل بھیجنے کی دھمکیاں قابلِ قبول نہیں۔میری جوانی جدوجہد میں گزری ہے اور اس عمر میں بھی جیل بھیجنا چاہتے ہیں تو میں اس کے لیے تیار ہوں۔