حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں ’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کو نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے بتایا کہ نمائش میں 170 برانڈز کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے بعد اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور ان کے متبادل کے طور پر پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے کی ضرورت محسوس ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کو مقامی صنعت کی قیمت پر کام کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ بدقسمتی سے بعض لوگ زیادہ منافع کمانے کی کوشش میں صنعت کو نقصان پہنچاتے ہیں، جب کہ پاکستانی مصنوعات کو مارکیٹ میں وہ سہولیات میسر نہیں جو ملنی چاہئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی اپنی مارکیٹ 25 کروڑ افراد پر مشتمل ہے، اس لیے مقامی صنعت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تاہم صنعت کو بھی اپنی مصنوعات کا معیار برقرار رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں کو 8 سینٹ فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جب کہ دوسری جانب آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو سالانہ 1800 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کیے جا رہے ہیں۔ ایک مخصوص مافیا کو نوازا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صرف مطالبات پیش نہیں کرتی بلکہ مسائل کے حل بھی تجویز کرتی ہے۔ حکومت کے ساتھ ہر اس معاملے پر بات کی جاتی ہے جس سے عوام کو فائدہ پہنچ سکتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر 2027 تک سود کے خاتمے کے لیے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے؟ ایکسٹینشن کے معاملے پر سب اکٹھے ہو جاتے ہیں، لیکن عوام کے مسائل پر کوئی بات نہیں کرتا۔ جماعت اسلامی نے 27ویں آئینی ترمیم کی بھی مخالفت کی۔
مزید پڑھیں: محسن نقوی کی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، ملک کی صورتحال اور امن و امان پر گفتگو
بنو قابل پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ اب تک 20 لاکھ سے زائد نوجوان اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے صنعتوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی تربیت میں بھی سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے نمائش میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت اور اسٹالز لگانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش ایک بڑا عالمی تصور ہے۔ جماعت اسلامی ڈھاکا، ترکی اور دیگر ممالک میں بھی پاکستانی برانڈز کی نمائشیں منعقد کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینیوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینا بھی اسی قومی ذمہ داری کا حصہ ہے۔







