ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاؤلو رانجل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئیں گے۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 7 نومبر 1949 کو 77 سال مکمل ہوئے ہیں۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار اور پرتگالی وزیر خارجہ کے درمیان پہلے انفرادی ملاقات ہوگی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات اور مشترکہ پریس گفتگو بھی ہوگی۔
مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر بات چیت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ زراعت، خصوصاً زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ، قابلِ تجدید توانائی، بحری روابط، ہجرت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
مزید پڑھیں: دہشت گردی کے الزامات پر شواہد کا تبادلہ اور شفاف طریقۂ کار ضروری ہے، ڈاکٹر مصدق ملک
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کریں گے، جب کہ اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور پرتگال بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں دونوں ممالک کی کمپنیاں کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ملاقاتیں کریں گی۔ ان شعبوں میں زرعی خوراک، قابلِ تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پرتگالی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔







