اتوار کو دوحہ میں ہونے والے میچ کے ٹاس کے لیے بھارتی کپتان تلک ورما نے سکہ اچھالا جبکہ پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ہیڈز کا انتخاب کیا۔
سکہ زمین پر گرا تو میچ آفیشل نے ٹیلز کا اعلان کردیا جس کے مطابق بھارت اے ٹاس جیت گیا تھا۔ تاہم عبدالصمد نے فوری طور پر اس فیصلے پر اعتراض کیا اور سکے کو قریب سے دیکھنے کے لیے آگے بڑھے۔
انہوں نے سکے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیڈز ہے اور اپنا مؤقف دہراتے رہے۔ عبدالصمد کے اعتراض پر میچ آفیشل نے دوبارہ سکے کو دیکھا اور اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے پاکستان اے کو ٹاس کا فاتح قرار دے دیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد عبدالصمد نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر پراعتماد ہے اور پچ قدرے خشک دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے پہلے بیٹنگ کرنا بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی، بیٹرز اور بولرز اس مقابلے کے لیے پراعتماد ہیں۔ پاکستان اے نے اس میچ کے لیے گزشتہ میچ والی ہی پلیئنگ الیون برقرار رکھی۔
دوسری جانب بھارتی کپتان تلک ورما نے کہا کہ ان کی ٹیم بھی ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بیٹنگ کرنا چاہتی تھی کیونکہ پچ قدرے خشک دکھائی دے رہی تھی۔
انہوں نے نیپال کے خلاف سیمی فائنل میں ہرشیت اور پرنس کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انجری سے واپسی کے بعد ان کی اچھی بولنگ ٹیم کے لیے اہم ہے۔
تلک ورما کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے لیے یہ ایک اور میچ ہے تاہم شائقین کے لیے پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ دلچسپی کا باعث بنتا ہے۔
ٹاس کے دوران ایک اور قابل ذکر بات یہ رہی کہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا۔ حالیہ پاک بھارت کرکٹ مقابلوں میں بھی یہ روایت دیکھنے میں آتی رہی ہے۔
دونوں ٹیمیں گزشتہ میچ جیت کر میدان میں اتریں
پاکستان اے اور بھارت اے دونوں ٹیمیں اپنے گزشتہ میچوں میں کامیابی کے بعد اس مقابلے میں اتریں۔
بھارت اے نے اپنے گزشتہ میچ میں نیپال کو 306 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی تھی جبکہ دفاعی چیمپئن پاکستان اے نے متحدہ عرب امارات کو 61 رنز سے ہرایا تھا۔
پاکستان اے اور بھارت اے کا یہ مقابلہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے سلسلے میں دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔








