امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم ٹیلی فون لائنز اور رابطہ چینلز کے ذریعے کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
اخبار نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ نے بعد ازاں کم جونگ اُن کو ایک خط بھی لکھا لیکن اسے شمالی کوریا کے رہنما تک پہنچانا ایک مسئلہ بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام نے ایک منصوبہ بنایا جس کے تحت ایک گروپ کو نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر انتظار کرنے کے لیے بھیجا گیا۔
جب ایک شمالی کوریائی سفارت کار وہاں سے گزرا تو اس گروپ نے اسے روک کر خط اس کے حوالے کردیا۔
ذرائع کے مطابق بعد ازاں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران اسی سفارت کار نے وہ خط کھولے بغیر ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔
ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تین ملاقاتیں ہوئی تھیں جن میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا معاملہ مرکزی حیثیت رکھتا تھا۔
تاہم اخبار کے مطابق اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ کم جونگ اُن نہ تو اپنے ملک کا جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ختم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی ٹرمپ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے خواہشمند ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے ٹرمپ کے دورہ ایشیا کے دوران کم جونگ اُن سے ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئی۔
مذاکرات سے واقف افراد کے مطابق دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں آمنے سامنے ملاقات کے امکان کا جائزہ لیا تھا تاہم کم جونگ اُن نے ایسی شرائط پیش کردیں جنہیں امریکا قبول نہیں کرسکتا تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی مسلسل کوششیں اور کم جونگ اُن کی خاموشی اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو اپنے جوہری ہتھیاروں کا پروگرام ترک کرنے پر آمادہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اب اس حقیقت کا سامنا کررہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت کو تبدیل کرنا ممکن نہیں رہا۔ گزشتہ سال امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے جاری کیے گئے سالانہ جائزہ رپورٹ میں بھی تسلیم کیا گیا تھا کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگرام پر سمجھوتہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
اخبار کے مطابق 2019 میں ٹرمپ کے ساتھ آخری ملاقات کے بعد سے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت اس کے پاس اندازاً 20 سے 30 جوہری وار ہیڈز تھے جبکہ اب یہ تعداد تقریباً 60 بتائی جاتی ہے۔
شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی تیار کیے ہیں جو امریکا تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق کم جونگ اُن اب اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے۔







