ترک نشریاتی ادارے ٹی جی آر ٹی خبر کو انٹرویو دیتے ہوئے حاکان فیدان نے کہا کہ ایران، امریکا اور خلیجی خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی توجہ دیگر بحرانوں کی جانب مبذول ہوئی ہے، تاہم ترکیہ ہر تقریر، سفارتی اقدام اور عالمی فورم پر غزہ کا معاملہ اٹھاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ غزہ میں خوراک کی محدود فراہمی انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
حاکان فیدان کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے لیے بھیجے جانے والے دھاتی کنٹینرز روک دیے ہیں اور تعمیراتی سامان کی فراہمی پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان پابندیوں کے باعث ہزاروں بے گھر خاندان خیموں میں شدید سردی، بارش اور طوفان کا سامنا کر رہے ہیں۔







