زلزلے کے جھٹکے پشاور، چارسدہ، تخت بھائی، مالاکنڈ، بونیر، سوات، لوئر دیر، اپر دیر، چترال، شانگلہ، صوابی، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، مہمند، جنوبی وزیرستان، لنڈی کوتل اور جمرود سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

گلگت بلتستان کے دیامر اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز تاجکستان کے علاقے گرم چشمہ کے قریب بتایا گیا ہے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں شہری کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے بھی دکھائی دیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی نگرانی جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔