پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تینوں شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوچکے ہیں اور یہ احتجاج شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ آج رات لاہور میں بھرپور جلسہ عام بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی احتجاج کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی ہوئی، اگر احتجاج نہ کرتے تو ڈیزل سستا نہ ہوتا۔ حکومت کو پٹرول پر عائد 80 روپے لیوی ختم کرنا ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جنگی حالات میں بھی حکمرانوں نے عوام پر پٹرول بم گرائے، عوام پر زبردستی ٹیکس اور لیوی عائد کی جا رہی ہے جب کہ حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے چینی کی درآمد اور برآمد کی حکومتی پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مافیاز نے حکومت کے ساتھ مل کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی، ٹیکس فری چینی بھی مہنگی ہوئی اور اب اضافی اسٹاک کو کم قیمت پر برآمد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، دالیں اور سبزیاں عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں، شوگر ملز مالکان کسانوں سے گنے کی فصل خریدنے سے معذوری ظاہر کر رہے ہیں، جب کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث زراعت بھی زبوں حالی کا شکار ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں کپاس کی پیداوار کا ہدف 50 فیصد بھی پورا نہیں ہوسکا، حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ کسان اور عام شہری بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کسی سیاسی شوق کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقیقی مسائل کے لیے ہے۔ تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، تاہم عوام کے حقیقی مسائل صرف جماعت اسلامی اٹھا رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے قائم کمیٹی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کمیٹی آکر بتائے کہ قیمتیں کیسے کم ہوں گی، جماعت اسلامی کسی کمیٹی کی بریفنگ نہیں لے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ احتجاجی دھرنے ملک بھر میں جاری رکھے جائیں گے اور احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔ 13 ربیع الاول کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کریں گے، جس کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ بھی کیا جائے گا۔ 12 ربیع الاول کا میلاد بھی دھرنوں میں ہی منایا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ اعلان کریں کوئی سرکاری افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی استعمال نہیں کرے گا اور حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پیٹرول پر فی لیٹر 80 روپے لیوی سمیت مجموعی طور پر 130 روپے کے ٹیکسز دینا پڑ رہے ہیں، نوجوان روزانہ یہ بوجھ اٹھانے پر مجبور ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انہیں علاج کی سہولیات ملنی چاہئیں اور حکومت کو عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی رہنما حکومتیں گرانے کے لیے کسی کے کہنے پر اقدامات کرنے کے بجائے اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں اور قوم سے معافی مانگیں۔