پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بحیرۂ عرب میں تعینات پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے پاکستانی ساحل سے دور سمندر میں 2 کشتیوں کو روکا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دونوں کشتیوں کے اندر خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام چرس/بھنگ برآمد کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ قبضے میں لی گئی منشیات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید تلفی اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کامیاب کارروائیاں پاک بحریہ کی مسلسل سمندری موجودگی اور مستعدی کے ساتھ ساتھ علاقائی بحری سلامتی اور سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس کے عزم کی عکاس ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو سراہا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے بحری اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائیاں پاکستان کی سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدام ہیں۔