پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس نے علاقائی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، جموں و کشمیر کے تنازع، انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے اور افغانستان سے جنم لینے والی شدت پسندی سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ملک کی خدمات کو اجاگر کیا۔

پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شدت پسندی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو بھی سراہا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔