لاہور میں جماعت اسلامی کے ’کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران‘ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرنا جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 29 نومبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر ہر صورت جلسہ کرے گی اور حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اسے روکنے کی کوشش نہ کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 نومبر کے جلسے سے پہلے بھرپور عوامی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے بعد 5 دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں بھی تاریخی جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس وصول کرتی ہے تو اس کی ذمہ داری ہے کہ ہر بچے کو یکساں تعلیمی سہولتیں فراہم کرے۔ جماعت اسلامی اب صرف پٹرولیم لیوی کے معاملے پر احتجاج کرکے پیچھے نہیں ہٹے گی بلکہ ہر عوامی مسئلے پر حکومت سے جواب طلب کرے گی۔ ان کے بقول جماعت اسلامی سب شہریوں کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے تحریک چلائے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ریاست لوگوں کو جرائم کی طرف دھکیلنے کے لیے حالات پیدا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان نظریاتی فرق ختم ہو چکا ہے اور سب ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی کے معاملے پر حکومت کو تجاویز پر مشتمل ایک مسودہ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اس معاملے پر پیچھے ہٹی تو اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی واضح کر چکی ہے کہ اس کے ساتھ معاملے کو گھمانے کی کوشش نہ کی جائے۔

انہوں نے پنجاب میں کسانوں کی صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر کسان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سوال کیا کہ کسانوں کی حالت اس نہج پر کیسے پہنچ گئی ہے اور انہیں درپیش مسائل کا جواب دیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اب ہر عوامی مسئلے پر آواز اٹھائے گی اور عوام کو یکساں حقوق اور مواقع دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت اپنی جگہ بنا لیتی ہے، ملک بھر میں اسی کی سیاست کا اثر نظر آتا ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی بہت جلد ملک بھر میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بنے گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ چند ہاتھوں میں یرغمال ہے اور طاقتور افراد اس میں سیاسی انجینئرنگ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوام کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہوتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ برصغیر کی سیاست میں کلٹ، جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کا اثر موجود ہے۔ ان کے مطابق اسٹیبلشمنٹ گزشتہ 80 برس سے اپنے زیرِ اثر جماعتوں کو قوم پر مسلط کرتی رہی ہے اور الیکٹیبلز کو مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل کرانے کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام دکھائی نہیں دیتا۔ رائے عامہ ہموار کرنے اور نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کو آگے آنا ہوگا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ نظام بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔