عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ وہ جیل کی دیواروں سے باہر اپنی آواز پہنچانے کے لیے یہ خط لکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور 70 سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی ایسی مہم شروع کی گئی جس کی مثال نہیں ملتی۔
بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ دو سال سے زائد عرصے سے انہیں روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اہلخانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں۔
خط میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صرف چار مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ جیل حکام اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان کے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
خط کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کا بلڈ پریشر 130 سے بڑھ کر 193 تک پہنچ چکا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ وہ کوئی خصوصی رعایت نہیں چاہتے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’میں زندہ رہوں گا تو ہی اپنی بے گناہی ثابت کر سکوں گا۔‘
خط کے اختتام پر سابق وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ انہیں دیر ہونے سے پہلے انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی نے اپنے وکلا لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور علاج کے لیے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور انہیں طبی معائنے، سرجری اور ضروری نگہداشت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کسی مستند اور خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے۔
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو جیل میں ملاقات کے دوران عمران خان نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا، جبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے ممکنہ آنکھ کی سرجری کے بارے میں بھی بتایا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں دشواری اور آنکھوں میں تکلیف کا سامنا ہے، تاہم شکایت کے سات سے آٹھ روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نے بشریٰ بی بی کو بتایا کہ ان کی آنکھ کی اہم سرجری کی ضرورت ہے اور اس کے نتیجے میں بینائی ضائع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری طبی اقدامات اور اسپتال منتقلی یقینی بنائی جائے۔







