اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی مشاورت نے رکن ممالک کے درمیان علاقائی معاشی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دی ہے۔ انہوں نے اجلاس میں شریک تمام وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تجاویز اور تعمیری شرکت سے تنظیم کے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری آئندہ دہائی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، اسلام آباد اعلامیہ اور 2035 کے اسٹریٹجک اہداف رکن ممالک کو مشترکہ ترجیحات کے حصول، علاقائی تعاون کے فروغ اور معاشی انضمام کے لیے ایک متفقہ لائحہ عمل فراہم کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اب اصل ضرورت اجلاس میں کیے گئے وعدوں اور طے شدہ اہداف کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ہے۔ اس مقصد کے لیے واضح ترجیحات مقرر کرنے، حقیقت پسندانہ وقت کا تعین کرنے اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کرنا ضروری ہے، محض اعلانات کافی نہیں ہوں گے بلکہ رکن ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کے نتائج خطے کے عوام تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور پاکستان ہمیشہ ایک مضبوط، متحرک اور مؤثر ای سی او کا حامی رہا ہے، تنظیم کے رکن ممالک جغرافیائی قربت، تاریخی تعلقات، قدرتی وسائل اور معاشی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر تجارت اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے بحیثیت چیئرمین ای سی او پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک تمام رکن ممالک اور تنظیم کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے، باہمی تجارت میں سہولت پیدا کرنے اور مشترکہ مفادات پر مبنی معاشی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی ای سی او صدارت کا موضوع ’ایک مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیاء‘ رکھا گیا ہے۔ اس موضوع کا مقصد خطے میں تعاون کی نئی راہیں کھولنا، رکن ممالک کے درمیان روابط کو وسعت دینا اور مشترکہ خوشحالی کے لیے تنظیم کو مزید فعال بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2026 سے 2027 تک ای سی او کی صدارت کے دوران تنظیم کے اہداف پر پیش رفت کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔ پاکستان 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل کے 31ویں اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں موجودہ اجلاس کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم اجلاس میں تمام رکن ممالک کی اعلیٰ ترین سطح پر شرکت ہوگی اور سربراہی اجلاس علاقائی تعاون کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 3 اور 4 دسمبر 2026 کو 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے ایران کے ساتھ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تہران میں ہونے والا اجلاس بھی تنظیم کے مشترکہ اہداف کے حصول اور رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نائب وزیراعظم نے اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل، ان کی ٹیم، مستقل مندوبین اور سینئر حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ای سی او کے تمام رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کی صدارت کی حمایت کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کو عملی شکل دے کر خطے کے عوام کے لیے معاشی ترقی، بہتر روابط اور مشترکہ خوشحالی کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے مشترکہ ملاقات کی، جس میں علاقائی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مہمان شخصیات کا خیرمقدم کیا اور اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ای سی او کے مقاصد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، روابط اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسلام آباد اعلامیے اور اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 کے منظوری کو تنظیم کے استحکام اور مشترکہ علاقائی ترجیحات کے حصول کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 2026-2027 کے لیے ای سی او کی صدارت ’’علاقائیت کی بحالی، مضبوط ای سی او کے لیے‘‘ کے عنوان کے تحت سنبھال رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وژن کو ایسے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے جن کے ثمرات خطے کے عوام تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور راہداریوں، توانائی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی معاشی انضمام تیز کرنے کے لیے ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کو علاقائی روابط کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑک، ریل اور دیگر ذرائع نقل و حمل کے ذریعے رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کو علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں سے منسلک کرنے پر بھی زور دیا، تاکہ بالخصوص خشکی میں گھرے ای سی او رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی مل سکے۔

شہباز شریف نے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ای سی او رکن ممالک کو لاہور کو 2027 کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیے جانے کی مناسبت سے تقریبات میں بھرپور شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ای سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ای سی او کے رکن ممالک 2027 میں وزرائے کونسل کے آئندہ اجلاس اور ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دوبارہ پاکستان آئیں گے۔