اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو معاہدے کا جو مسودہ دیا تھا، اس پر آج حکومت کو اپنا حتمی موقف پیش کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مسلسل احتجاج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تھا اور ہمارا بنیادی مطالبہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنا تھا۔

لیاقت بلوچ نے دعویٰ کیا کہ اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو پیٹرول کی قیمت 520 روپے اور ڈیزل کی قیمت 620 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرنے والی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں 146 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 242 روپے فی لیٹر ریلیف ملا، جبکہ حکومت کی جانب سے ماہانہ 232 ارب روپے کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق جماعت اسلامی کے مطالبے پر اپنی مجبوریوں سے بھی آگاہ کیا ہے، تاہم حکومت کے پاس محصولات جمع کرنے کے دیگر راستے بھی موجود ہیں۔ لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی کو بھتہ اور دادا گیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اس کی اصل سطح پر لانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک جامع ریلیف پیکج تیار کر لیا ہے، جس کے تحت موٹر سائیکلوں اور تھری ویلر گاڑیوں کے لیے ریلیف میں مزید اضافہ کیا جائے گا، جب کہ اس پیکج کو زراعت کے شعبے تک بھی توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی خام تیل پر اضافی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، جب کہ ریفائنریوں کے ونڈ فال منافع سے فی لیٹر 16 روپے سے زائد کا ریلیف دیا گیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید بتایا کہ 24 یا 25 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات میں قیمتوں میں کمی سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے سرکاری سطح پر 1300 سی سی گاڑیوں کے استعمال اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

پریس کانفرنس میں لیاقت بلوچ نے ایل پی جی بحران کو حکومت کی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطرات پہلے سے موجود تھے لیکن بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔ حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ ایل این جی اور ایل پی جی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں، ایک کارگو پہنچ چکا ہے جب کہ دوسرا اگلے روز پہنچ جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات میں بجلی کے شعبے کی کیپسٹی پیمنٹس اور سود کے خاتمے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ حکومت نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

خیبر پختونخوا کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ گورنر راج غیر آئینی ہے اور صوبے کے عوام کو امن ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد رنگ لا رہی ہے اور عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کے درمیان موجود رہے گی۔

مدارس کے نصاب میں دینی علوم کے ساتھ دنیاوی مضامین بھی شامل کیے جائیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے نصاب پر نظرثانی اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، مدارس میں طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی مضامین بھی پڑھائے جانے چاہییں تاکہ معاشرے میں تقسیم کے بجائے یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔

اسلام آباد میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ’’بدلتی دنیا میں مدارس کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں دینی مدارس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور انہیں نظرانداز کرنا درست نہیں۔ دین کی تعلیم اور خواندگی کے فروغ میں مدارس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دین کو ایک مخصوص دائرے میں محدود کرنے کی سوچ آگے بڑھ رہی ہے، حالانکہ دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو بھی مدارس میں زیرِ بحث لایا جانا چاہیے۔ دنیا کے معاملات کا ادراک کرنا ضروری ہے اور مدارس کے نصاب پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر مدارس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ کیا گیا تو معاشرہ مزید تقسیم ہوتا چلا جائے گا۔ دنیاوی اور دینی تعلیم کو الگ الگ کرنا درست نہیں، کیونکہ مذہبی اور دنیاوی طبقوں کو تقسیم کرنے سے معاشرے میں فاصلے پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسا نظامِ تعلیم قائم نہیں کیا جا سکا جس میں تمام طلبہ کو برابری کی سطح پر تعلیم کے مواقع میسر ہوں۔ ملک میں شرحِ خواندگی بہت کم ہے اور ہم دنیاوی تعلیم کے کسی شعبے میں بھی خاطرخواہ پیش رفت نہیں کر سکے۔ مدارس نے خواندگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم انہیں مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے علما پر زور دیا کہ وہ مدارس کی اجارہ داری کی سوچ سے نکل کر پوری قوم کے بارے میں سوچیں۔ اختلافِ رائے کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہنا ہی دین کی اصل روح ہے، جب کہ فقہی معاملات جمود اور سکوت کے بجائے علمی بحث و تحقیق سے طے کیے جانے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ بعض افراد بظاہر مذہبی ہوتے ہیں لیکن ان کا سیاسی طرزِ عمل غیر مذہبی لوگوں سے بھی بدتر ہوتا ہے۔ اصل سیکولرازم جبہ و دستار پہننے والے شخص میں بھی ہو سکتا ہے، اس لیے مذہب کو محض ظاہری شناخت تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مدارس کے بورڈز پر زور دیا کہ وہ مدارس کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، خصوصاً اسناد سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ مدارس میں طلبہ کو جدید دنیا کے تقاضوں سے متعلق تعلیم بھی فراہم کی جانی چاہیے۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کو مبارکباد بھی پیش کی۔