میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے دورہ روس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اس دوران وہ صدر پیوٹن کو آئندہ سال پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دیں گے۔ یہ دعوت ستمبر میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کے لیے دی جائے گی۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ثقافت، دفاع، سلامتی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔ دفتر خارجہ بھی اس عزم کا اظہار کر چکا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔

ماسکو کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران روانہ ہوں گے، جہاں وہ 3 دسمبر سے شروع ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 18ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دو روزہ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک پاکستان، ایران، ترکیہ، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے سربراہانِ مملکت و حکومت شرکت کریں گے۔ افغانستان کی رکنیت تاحال معطل ہے، تاہم کابل کا دعویٰ ہے کہ اسے ایران کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔

اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون کے لیے 2035 کے اسٹریٹجک اہداف، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی تعاون کے تجارتی معاہدے کو جدید بنانے، زمینی اور بحری ذرائع سے نقل و حمل، توانائی کے رابطوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔

رپورٹس کے مطابق رکن ممالک کے درمیان اقتصادی انضمام، علاقائی تجارت میں اضافے، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون، صنعتی اشتراک اور تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے قازقستان سے 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی گردشی سربراہی بھی حاصل کر لی ہے۔