عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اینتھروپک کے حصص جمعے کو 88.91 ڈالر پر بند ہوئے، جو گزشتہ روز کی اختتامی قیمت سے 8.5 فیصد کم تھے۔ تاہم یہ قیمت کمپنی کے 83 ڈالر فی شیئر کے ابتدائی عوامی فروخت (آئی پی او) نرخ سے زیادہ رہی۔
مشین لرننگ ماڈلز تیار کرنے والی پہلی بڑی کمپنی کے طور پر اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کو مصنوعی ذہانت کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا تھا۔ توقع تھی کہ اس سے گزشتہ کچھ عرصے سے دباؤ کا شکار اے آئی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
ڈکوٹا ویلتھ کے سینئر پورٹ فولیو منیجر رابرٹ پاولک نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو کمپنی، اس کی انتظامیہ یا کاروباری ماڈل پر کوئی بنیادی اعتراض نہیں، بلکہ وہ مجموعی طور پر موجودہ مارکیٹ کے حوالے سے محتاط ہیں۔
اے آئی میں سرمایہ کاری پر سوالات
رائٹرز کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی کو دباؤ کا سامنا ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی پر رواں سال ایک کھرب ڈالر سے زیادہ خرچ ہونے کے باوجود اس سرمایہ کاری سے خاطر خواہ منافع فوری طور پر حاصل نہیں ہو رہا۔
ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں ممکنہ سیاسی رکاوٹوں اور چپ ساز کمپنی این ویڈیا کی قیادت میں پیدا ہونے والی بے یقینی نے بھی سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
کیٹالسٹ فنڈز کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر ڈیوڈ ملر کے مطابق سرمایہ کار اب بھی مصنوعی ذہانت کے مستقبل پر یقین رکھتے ہیں، تاہم وہ اس شعبے کی ترقی کے لیے سرمایہ لگاتے وقت زیادہ محتاط ہو گئے ہیں۔
ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے حصص میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ این ویڈیا کے حصص تقریباً 14 فیصد، میٹا کے تقریباً 6 فیصد، ایمیزون کے 4 فیصد جبکہ مائیکروسافٹ کے حصص میں 3 فیصد کمی ہوئی۔
چپ ساز کمپنیوں میں اے ایم ڈی کے حصص تقریباً 13 فیصد، مارویل ٹیکنالوجی کے 12 فیصد اور انٹیل کے تقریباً 8 فیصد گر گئے۔
اوپن اے آئی کے آئی پی او پر نظریں
اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں انٹری کے بعد سرمایہ کاروں کی توجہ اب مصنوعی ذہانت کی ایک اور بڑی کمپنی اوپن اے آئی کے ممکنہ آئی پی او پر مرکوز ہے، جسے اے آئی اسٹاکس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا ایک اور امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی پہلے ہی عندیہ دے چکی ہے کہ وہ 2027 میں اسٹاک مارکیٹ میں شامل ہو سکتی ہے، تاہم کئی بڑی اے آئی اور انفرااسٹرکچر کمپنیوں نے اپنے آئی پی او منصوبے 2027 تک مؤخر کر دیے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اینتھروپک کے حصص کو آنے والے ہفتوں میں کچھ سہارا مل سکتا ہے۔ لندن کی انڈیکس ری بیلنسنگ فرم انٹروپک کا تخمینہ ہے کہ سال کے اختتام تک انڈیکس ٹریک کرنے والے فنڈز کمپنی کے تقریباً 30 فیصد حصص خرید سکتے ہیں۔
کمپنی کے حصص میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے، کیونکہ سرمایہ کار اس کی قدر کا جائزہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ 12 ماہ کی فروخت کے مقابلے میں کمپنی کی قدر تقریباً 40 گنا بتائی گئی ہے۔
اسپیس ایکس کے آئی پی او سے موازنہ
اینتھروپک کے آئی پی او کا موازنہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس سے بھی کیا جا رہا ہے، جس نے جون میں اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اینتھروپک نے اپنے آئی پی او کے ذریعے 93 ارب 50 کروڑ ڈالر جمع کیے، جس کے بعد یہ تاریخ کا سب سے بڑا آئی پی او بن گیا۔ اس سے قبل اسپیس ایکس نے 85 ارب 70 کروڑ ڈالر جمع کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق اسپیس ایکس کے حصص میں اسٹاک مارکیٹ میں انٹری کے بعد آنے والے اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کار اینتھروپک کے حصص خریدنے میں بھی احتیاط برت رہے ہیں۔
مالیاتی مشاورتی ادارے آر ایف لیفرٹی اینڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو روب ہیکل نے کہا کہ اسپیس ایکس کی طرح اینتھروپک کے حصص میں بھی اتار چڑھاؤ متوقع ہے، اس لیے سرمایہ کاروں کو پہلے ہی دن حصص خریدنے کی جلدی نہیں کرنی چاہیے۔
رائٹرز کے مطابق اینتھروپک کے آئی پی او کے پہلے روز انفرادی سرمایہ کاروں نے تقریباً 77 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے حصص کی خرید و فروخت کی، جو وینڈا ریسرچ کی جانب سے 2012 میں ریکارڈ مرتب کرنے کے بعد کسی آئی پی او کے پہلے روز کی سب سے بڑی سرگرمی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی کے حصص میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے، جب کہ آئندہ ہفتے آپشنز ٹریڈنگ شروع ہونے سے بھی مارکیٹ میں غیر یقینی بڑھ سکتی ہے۔







