نئی دہلی میں ایس سی او کے تہذیبی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ مکالمہ مختلف نظریات اور ثقافتوں کے درمیان ہوتا ہے۔ اگر تمام نظریات ایک جیسے ہوں تو اسے مکالمہ نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی اور تہذیبی روابط فارس اور عرب سے لے کر بخارا اور سمرقند تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پاکستان تمام رکن ممالک کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اس مشترکہ ورثے سے فائدہ اٹھائیں۔
وفاقی وزیر نے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے ایس سی او نیٹ ورک اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایس سی او کے پلیٹ فارم پر مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ مصدق ملک نے ایس سی او کے اجلاس میں اردو زبان میں اظہارِ خیال کیا اور اپنے خطاب میں معروف شعرا مرزا غالب اور علامہ اقبال کا حوالہ بھی دیا۔







