غیر ملکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو ٹیلی فون پر دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں کبھی بھی ایران میں حکومت کی تبدیلی میں زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔ بعض لوگ حکومت کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں، لیکن یہ بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ اس سے مراد کیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی موجودہ قیادت شاید ماضی کی قیادت کے مقابلے میں زیادہ معتدل ہو، تاہم اس کے ساتھ معاملات طے کرنا اب بھی انتہائی مشکل ہے۔

امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد اگلے ہی روز اس کی خلاف ورزی کر دی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن شرائط امریکا کے لیے قابلِ قبول نہیں، ٹرمپ

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ان کی صدارت ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہے۔ اگر چار، 15 یا 20 سال بعد کوئی نااہل امریکی صدر بھی اقتدار میں آ جائے تو بھی ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک ایران کی دو قیادتوں کا خاتمہ کر چکے ہیں اور اب تیسری قیادت سے معاملات کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اسے حتمی حکومت کی تبدیلی بھی کہا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ایرانی قیادت کا رویہ بھی پہلے جیسا ہے، اگرچہ ممکن ہے کہ وہ زیادہ سمجھ دار ہو، لیکن اس کے ساتھ کام کرنا اب بھی بہت مشکل ہے۔