نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کوئی قائداعظم ہیں کہ وہ تین سال سے ان کی ذات پر تبصرے کر رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا ہے اور نہ کروں گا، البتہ ان کی بطور وزیر کارکردگی پر بات کرنا بطور کولیگ اور سیاسی کارکن میرا حق ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ وہ انہیں منہ چھپانے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، لیکن انہیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ہم نے ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، انہیں اپنی فکر کرنی چاہیے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے اپنی تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیرمتعلقہ ریمارکس دیے، جس پر انہوں نے اعتراض کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، لیکن غیرمتعلقہ باتوں سے معاملہ مزید الجھ گیا اور اب یہ متنازع ہو کر پارلیمنٹ میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ان سے اس معاملے پر کسی نے بات نہیں کی، تو پھر چار ماہ تک کیا ہوتا رہا؟ اگر محسن نقوی صدر اور بلاول بھٹو کو بھی اعتماد میں نہیں لے سکے تو یہ ان کی ناکامی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے اس معاملے کو غلط انداز میں آگے بڑھایا، انہیں دیگر جماعتوں سے پہلے مسلم لیگ (ن) کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ 30 جولائی کو جب محسن نقوی نے پہلی بار نئے صوبوں کی بات کی تو انہوں نے اسی روز واضح کر دیا تھا کہ اس کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی ریفرنڈم کی مخالفت کر رہی ہے، تاہم ان کے خیال میں پارلیمنٹ میں بات چیت کے ذریعے کوئی راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی کو یہ یقین دہانی کرائی جا سکتی ہے کہ آئین کے مطابق ہی عمل ہوگا اور عوام سے رہنمائی لے کر اتفاق رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا منصوبہ محسن نقوی آگے بڑھا رہے ہیں، اس لیے وہ انہیں کیسے کراس کر سکتے ہیں؟ صدر زرداری اور بلاول بھٹو سے بات کرنا بھی محسن نقوی کی ذمہ داری تھی۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق اگر یہ معاملہ ابتدا ہی میں پارلیمنٹ میں لے جایا جاتا تو موجودہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ اب یہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم بھرپور کردار ادا کریں گے، تاہم ان کا ہدف اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی نظام ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے، جس میں سیاستدانوں اور دیگر لوگوں کا بھی کردار ہے۔ اپنی سطح پر ہونے والی ناکامی کو قبول کرنا چاہیے، نہ کہ اس پر صرف ردعمل دیا جائے۔

محسن نقوی کے کاروباری شخصیات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے چند ایسے افراد کے بارے میں بات کی تھی جو سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے فنڈز دیتے ہیں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو اربوں روپے فنڈز ملنے کے الزام کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کس نے ان کی جماعت کو اربوں، لاکھوں یا سو روپے بھی دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں سے ان جیسے لوگ خاموش نہیں ہوں گے، اگر کسی کے پاس دلیل ہے تو اسے غصے اور دھمکیوں کے بجائے دلیل سے بات کرنی چاہیے۔