یہ سہہ ماہی یا ششماہی نہیں، سالانہ فصل ہوتی ہے۔ جب یہ فصل تیار ہوجاتی ہے تو اسے کاٹنے سے پہلے کسان کا صبر کاٹا جاتا ہے۔ جب فصل تیار ہو کر کھیت میں کھڑی ہوتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اصل کٹائی تو انتظار کی ہے، جو ہر سال بلا ناغہ اور بلا معاوضہ ہوتی ہے۔
اس بار بھی وہی تماشا ہے۔ پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا کہ پندرہ نومبر سے کرشنگ شروع ہو گی۔ ملوں نے نوٹیفکیشن پڑھا، مسکرا کر میز پر رکھ دیا اور وہی کیا جو ہر سال کرتی ہیں، یعنی کچھ نہیں کیا۔
رحیم یار خان کی چھ ملوں نے گنّا خریدنا ہی شروع نہیں کیا۔ ایسوسی ایشن کہتی ہے کہ قانون ہمیں تیس نومبر تک مہلت دیتا ہے اور تیاری کو بھی پندرہ دن کی ضرورت ہوتی ہے۔ واہ، کیا شفاف منطق ہے۔ قانون کا ایسا احترام صرف انہی کو آتا ہے جنہیں قانون ہمیشہ اپنی جیب جتنا تنگ یا کشادہ ملتا ہو۔
مل پندرہ دن مانگے تو اسے’تیاری‘ کہتے ہیں، کسان ایک دن لیٹ ہو جائے تو اسے ’غفلت‘ کہتے ہیں، اور اگر کسان کا گنّا سوکھ کر وزن کھو دے تو اسے ’قدرتی نقصان‘ کہتے ہیں۔ دنیا میں نقصان کو اتنے مہذب نام صرف وہی دیتے ہیں جن کا اپنا کوئی نقصان نہیں ہوتا۔
گندم کی بوائی کا وقت کسی نوٹس کا منتظر نہیں۔ جس کھیت میں گنّا کھڑا ہے، اسی میں گندم بونی ہے۔ گنّا نہ کٹا تو گندم نہیں بوئی جائے گی، گندم نہ ہوئی تو اگلے سال آٹا مہنگا ہو گا، اور پھر وہی لوگ جو آج ملوں کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ہیں، کل آٹے کی قیمت پر دہائی دیں گے۔ یہ چکر اتنا سادہ ہے کہ سمجھنے کے لیے کسی کمیشن کی رپورٹ نہیں چاہیے، صرف ضمیر، اور وہ شاید اب بھی کسی کمیشن کے پاس زیرِ غور ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ گھوم رہی ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ جو پولیس گوداموں سے گندم پکڑنے میں اتنی پھرتیلی ہے، جو انتظامیہ غریب کی ریڑھی الٹنے میں بجلی بن جاتی ہے، وہ شوگر ملوں کے سامنے آتے ہی اچانک مجسمہ کیوں بن جاتی ہے؟ سوال کڑوا ہے اور جواب ندارد۔ جو حکومت غریب کے ٹھیلے پر ایک گھنٹے میں پہنچ جاتی ہے، اسے مل مالک کے گیٹ تک پہنچنے میں پورا نوٹس، پورا ہفتہ اور پورا صبر کیوں چاہیے؟
سرکار فرماتی ہے کہ نوٹس جاری ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال بھی ہوئے تھے، دس ملوں کو شو کاز نوٹس ملے اور مسابقتی کمیشن نے بھی ملی بھگت پر نوٹس دیے۔ بہت خوب۔ نوٹس وہ کاغذ ہے جو کارروائی کی نیت کا اعلان کرتا ہے، کارروائی کا متبادل نہیں۔ اور جس ملک میں نوٹس ہی کارروائی کا آخری درجہ ہو، وہاں مل مالک کے لیے نوٹس ڈاک کا وہ لفافہ ہے جس پر اس کا نام صرف پتہ بدلنے کے لیے لکھا ہوتا ہے۔
شوگرملیں کس کی ہیں؟ سندھ کے زرداریوں، پنجاب کے شریفوں، مخدوموں کی۔ یہی وہی خاندان ہیں جوحکومت بھی کرتے ہیں، اشیاء کے ریٹ بھی طے کرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر انہی کسانوں کے خیرخواہ بن کرووٹ بھی مانگتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نظام مرا نہیں، مارا گیا: بلاول صاحب یہ مارا کس نے ہے؟
سوال وہی ہے جو ہر سال رہ جاتا ہے، اس سارے کھیل میں کسان کہاں ہے؟ وہ کھیت کی منڈیر پرکھڑا ہے، ایک آنکھ گنّے پر، ایک کیلنڈر پر، اور دل میں ایک دعا کہ اس بار ادائیگی وقت پر ہو جائے۔ یہ دعا بھی ہر سال کی طرح قبول نہ ہونے کا قوی امکان رکھتی ہے، کیونکہ گزشتہ سیزن کی بقایا رقم بھی کئی کسانوں کے ہاتھ نہیں آئی۔
ملیں تیس نومبر کی طرف بڑھ رہی ہیں، حکومت نوٹس کی طرف، اور گنّا وزن کھونے کی طرف۔ جس دن تینوں ایک تاریخ پر ملیں گے، اس دن خبر چھپے گی کہ ‘کرشنگ کا آغاز‘۔ اور اس کے ٹھیک بعد دوسری خبر کہ ’ادائیگیاں رک گئیں‘۔ دونوں خبریں اتنی پرانی ہیں کہ اب اخبار والے انہیں تاریخ بدل کر دوبارہ چھاپ دیتے ہیں۔ میٹھا ہر سال بنتا ہے، کڑواہٹ ہر سال کسان کے حصے میں آتی ہے۔
اور تیسری خبروہ ہے جس کی طرف شاید حکمران توجہ نہیں دیتے کہ ’کسان قرض کے بوجھ تلے دب کرمرگیا۔‘ بیروزگار نوجوان نے زہر کھا کرزندگی ختم کرلی۔ ایک کسان کوبری خبروں کی زینت بننے سے بچایا جائے۔








