اسلام آباد میں پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی تقسیم کا سنگ میل عبور کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ اب تک 112 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جب کہ مزید 500 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ساڑھے 6 ماہ کے دوران تقریباً 18 ہزار 500 گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔ اگر اس عرصے میں 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم کیے جا سکتے ہیں تو اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کا ہدف بھی حاصل کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی منظوری کا عمل ’روشنی کی رفتار‘ سے مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹیں مل بیٹھ کر دور کی جائیں۔ قرضوں کی فراہمی میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام پر میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت عمل درآمد کیا جا رہا ہے، نہ کسی سے سیاسی وابستگی پوچھی گئی اور نہ ہی اقربا پروری کی گئی۔ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا درخواست گزار بھی میرٹ پر پورا اترتا ہے تو اسے قرض ضرور ملنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت تعمیر کیے جانے والے گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، حکومت زیادہ سے زیادہ غریب اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے اور پرتعیش مکانات کی ضرورت اشرافیہ کو ہوتی ہے، جب کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو گھر بنانے کے لیے مدد درکار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2 لاکھ گھروں کی تعمیر بھی ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے، کیونکہ ملک میں اب بھی بڑی تعداد میں خاندان اپنی چھت، روزگار اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں گھر بنانے پڑے تو بنائیں گے، اس مقصد کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے ماضی کی ایک ہاؤسنگ اسکیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچا، جبکہ اصل ضرورت مند غریب عوام ہیں۔ اگر حکومت عوام کو چھت فراہم نہیں کر سکتی تو پھر عہدوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف سے محسن نقوی کی ملاقات، کن معاملات پر گفتگو ہوئی؟

اس موقع پر وزیراعظم نے پروگرام میں شریک پانچ بینکوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ بینکوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران خود فیصلہ کریں گے کہ یہ پاسپورٹ کس کو دیا جائے، جب کہ یہ بینک پروگرام کے خصوصی سفیر کا کردار ادا کریں گے۔

شہباز شریف نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کا فوری اجلاس بلانے کی ہدایت بھی کی، تاکہ سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اس پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نے اپریل 2026 میں اپنا گھر پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو گھر کی تعمیر کے لیے قرضوں کی فراہمی میں معاونت کرنا ہے۔