اسلام آباد میں ’بعد از حقیقت کا عہد‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر الگورتھمز کے ذریعے مخصوص مواد کو زیادہ نمایاں کرنے اور بعض بیانیوں کو تیزی سے پھیلانے کے خدشات موجود ہیں، اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے صرف روایتی اقدامات کافی نہیں بلکہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے اور تعاون کو بھی فروغ دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کا آئین شہریوں کو آزادیٔ اظہار کا حق دیتا ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے آئینی اور قانونی حدود بھی مقرر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان کے قوانین اور آئینی تقاضوں کا احترام کرنا چاہیے اور اپنی پالیسیوں کو مقامی قانونی نظام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی، حکومت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرسکتے ہیں، جبکہ اس سلسلے میں اسلام آباد اعلامیہ جاری کرنا بھی ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد قوانین، ضابطوں اور سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں کے درمیان موجود فرق کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی سوشل میڈیا کمپنیوں کے پالیسی اور قانونی شعبوں کی جانب سے وضع کردہ قواعد بعض اوقات پاکستان کے مقامی قوانین اور ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ہر ملک کے اپنے معاشرتی حالات، مسائل اور ترجیحات ہوتی ہیں، اس لیے سوشل میڈیا کی عالمی پالیسیوں کو ہر ملک میں یکساں انداز میں نافذ کرنا ممکن نہیں۔ کمپنیوں کو پاکستان کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں میں ضروری مطابقت پیدا کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت اور سوشل میڈیا کمپنیوں کے درمیان معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور تعاون کے ذریعے آگے بڑھایا جاسکتا ہے، حکومت اور پلیٹ فارمز دونوں کو لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھتے ہوئے قابل عمل حل تلاش کیے جاسکیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بعض معاملات ایسے ہیں جن پر حکومت اور سوشل میڈیا کمپنیوں کے درمیان آسانی سے اتفاق رائے پیدا کیا جاسکتا ہے۔ ان میں سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام اور بچوں سے متعلق فحش و غیر اخلاقی مواد کا تدارک شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے حساس معاملات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور حکومت کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جھوٹی معلومات اور مخصوص بیانیوں کے غیر ذمہ دارانہ پھیلاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان مضبوط رابطہ ضروری ہے۔ ان کے مطابق باہمی تعاون، مشترکہ حکمت عملی اور قوانین میں ہم آہنگی کے ذریعے سوشل میڈیا کو زیادہ محفوظ اور ذمہ دارانہ بنایا جاسکتا ہے۔