امارتی حکام کے مطابق ’میرہ‘ مارچ 2027 سے باقاعدہ طور پر سرکاری خدمات کی فراہمی شروع کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد مختلف سرکاری اداروں کی خدمات کو ایک جگہ یکجا کرنا اور شہریوں کے لیے سرکاری امور کی انجام دہی کو زیادہ آسان، تیز رفتار اور سہل بنانا ہے۔ شہریوں کو اپنی ضروریات کے مطابق متعلقہ معلومات اور سہولتیں حاصل کرنے کے لیے الگ الگ محکموں سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ اسسٹنٹ روزمرہ کے متعدد سرکاری اور عوامی امور میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اسکول سے متعلق ریکارڈ تک رسائی حاصل کرسکیں گے، جبکہ مریضوں کو ڈاکٹروں سے رابطے اور صحت سے متعلق سہولتوں کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔
’میرہ‘ کی ایک اہم خصوصیت اس کی کثیراللسانی صلاحیت ہوگی، جس کے تحت یہ اردو سمیت مختلف زبانوں میں صارفین کی رہنمائی اور خدمات فراہم کرسکے گا۔ اس سہولت سے متحدہ عرب امارات میں مقیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی زبان میں سرکاری امور سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے۔
امارتی حکام کے مطابق نئے اے آئی اسسٹنٹ کے ذریعے سرکاری خدمات کو ایک مربوط نظام میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، جس سے شہریوں اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطہ مزید آسان ہوگا۔ مارچ 2027 میں اس کے آغاز کے بعد پاسپورٹ، ملازمت، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں کی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔







