تازہ واقعہ کراچی کی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں پیش آیا، جہاں زیرتعمیر چھ منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں اچانک گر گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک چار افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ زخمیوں میں نادر حسین، شوکت علی اور احمد شامل ہیں، جبکہ چوتھے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے میں مزید افراد کی تلاش شروع کردی۔ ہیوی مشینری بھی طلب کی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹا کر دیکھا جا سکے کہ کوئی شخص اس کے نیچے موجود تو نہیں۔
حکام کے مطابق عمارت چھ منزلہ تھی اور اس میں تعمیراتی کام جاری تھا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی بالائی منزلوں پر فنشنگ کا کام ہو رہا تھا اور وہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا۔ عمارت گرنے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
کراچی میں ایسے حادثات کی ایک طویل تاریخ ہے۔
اکتوبر 2011 میں لیاری کی کھڈا مارکیٹ میں ایک عمارت گرنے سے 18 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جولائی 2017 میں لیاقت آباد میں چار منزلہ عمارت گرنے سے 15 افراد جان سے گئے۔
مارچ 2020 میں گلبہار کی رضویہ سوسائٹی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوئی تو 27 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اسی سال جون میں لیاری کی کھڈا مارکیٹ میں ایک اور پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 22 افراد جان سے گئے۔
دسمبر 2021 میں شیرشاہ کے پراچہ چوک کے قریب ایک کمرشل عمارت دھماکے کے باعث منہدم ہوگئی۔ یہ عمارت نالے پر تعمیر کی گئی تھی۔ حادثے میں 17 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔
یہ صرف چند بڑے واقعات ہیں۔ گزشتہ 20 برس کے دوران کراچی میں 45 سے زائد عمارتیں گرنے سے 160 سے زیادہ افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
کراچی میں خطرہ صرف ان عمارتوں سے نہیں جو گر چکی ہیں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سروے کے مطابق شہر میں 500 سے زائد عمارتیں انتہائی مخدوش قرار دی جاچکی ہیں۔ انہیں رہنے کے قابل نہیں سمجھا جاتا۔ ان میں سے زیادہ تر عمارتیں اولڈ سٹی ایریا اور لیاری میں واقع ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ شہر میں ایسی سیکڑوں عمارتیں موجود ہیں جنہیں حکام پہلے ہی خطرناک قرار دے چکے ہیں۔ ان عمارتوں میں رہنے والوں کے تحفظ اور انہیں خالی کرانے کا معاملہ بھی اہم ہے۔
رضویہ سوسائٹی سے شیرشاہ اور اب بلوچ کالونی تک عمارتیں گرنے کے واقعات ایک بار پھر یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا کراچی میں کسی بڑے حادثے کے بعد ہی خطرناک عمارتوں پر توجہ دی جاتی ہے؟
شہر میں 500 سے زائد عمارتوں کو مخدوش قرار دیا جا چکا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ ان میں سے کتنی عمارتیں اب بھی لوگوں کے رہنے کے لیے استعمال ہو رہی ہیں اور انہیں محفوظ بنانے یا خالی کرانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟







