اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ خواتین ان کی ریڈ لائن ہیں اور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت و احترام ہماری معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر بزدل اور مجرم ہیں، ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت، احترام اور مکمل حقوق عطا کیے ہیں، جبکہ خواتین کی عزت و تکریم نبی کریم ﷺ کی سنت ہے۔ قرآن و سنت میں عورت کے ساتھ حسنِ سلوک، نرمی اور احترام کی تعلیم دی گئی ہے اور خواتین پر ہاتھ اٹھانے کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو تشدد، خوف اور امتیازی سلوک سے پاک ماحول فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق حکومت خواتین کے تحفظ اور انہیں فوری قانونی و پولیس معاونت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام خواتین کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جہاں تشدد یا دیگر مشکلات کا سامنا کرنے والی خواتین گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کرا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہنگامی حالات میں پینک بٹن کے ذریعے فوری پولیس مدد حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ ویمن پولیس ہیلپ لائن بھی فعال ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ خواتین کو انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے ان سے متعلق مقدمات کے جلد فیصلوں کی غرض سے اسپیڈی کورٹس کے قیام کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو محفوظ ماحول، مساوی مواقع اور اپنے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دینا ایک ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے، ان کے قانونی حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے۔ ان کے مطابق تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرہ ہی حقیقی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔







