جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی زندگی اور آزادی کو خطرہ لاحق ہے، لہٰذا عدالت ان کی بازیابی کا حکم جاری کرے اور انہیں مبینہ طور پر حراست میں رکھنے سے متعلق صورتحال واضح کرنے کے احکامات دے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی قانونی وجوہات بتانا ہوں گی۔ جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی شخص کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے تو معاملہ معمولی نہیں بلکہ گھمبیر نوعیت اختیار کر جاتا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ جس کسی نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے، اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کی صورت میں متعلقہ حکام کو اس کے اسباب اور قانونی جواز پیش کرنا ہوگا۔ کسی بھی شہری کی آزادی سلب کرنے کے لیے قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے اور حکام کو اپنے اقدامات کے بارے میں عدالت کو مطمئن کرنا ہوگا۔
درخواست میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی موجودگی اور ان کی آزادی سے متعلق صورتحال معلوم کی جائے اور اگر انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے تو ان کی فوری بازیابی کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ کیس کی مزید سماعت بھی کل تک ملتوی کردی گئی۔







