محمد ذیشان علی چینی خلائی مشن کے تین رکنی عملے کا حصہ ہیں اور وہ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ اس مشن میں شریک ہوئے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر چھ روز قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں پاکستان میں تیار کیے گئے سائنسی تجربات کو خلا کے انتہائی کم کششِ ثقل والے ماحول میں مکمل کرنا بھی شامل ہے۔
ان کی خلا روانگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے، جس میں مشن کی کامیاب روانگی کے بعد سپارکو اسلام آباد کے ہال میں موجود افراد کو نعرۂ تکبیر اور اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے اس موقع کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پہلا پاکستانی چینی خلابازوں کے ہمراہ خلا میں پہنچ گیا ہے، جو پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی مشن کی روانگی کی تقریب میں شرکت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے تاریخی دن قرار دیا، وہ شین ژو-24 کے تین خلابازوں کی روانگی کے موقع پر موجود تھے، جن میں پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین بھر سے ہزاروں افراد اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے صبح سویرے جمع ہوئے تھے۔
احسن اقبال نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2017 اور 2018 میں وہ اپنے چینی دوستوں پر زور دیتے رہے کہ پاک چین تعاون کو زمین پر سی پیک کے منصوبوں تک محدود رکھنے کے بجائے خلائی تحقیق کے شعبے تک بھی وسعت دی جائے اور چینی خلائی مشن میں پاکستانی خلاباز کی شمولیت اگلا اہم قدم ہونا چاہیے، آج وہ خواب حقیقت بن چکا ہے اور پاکستانی خلاباز کو خلائی جہاز کی جانب بڑھتے دیکھنا ایک ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔ انہوں نے اسے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بہترین تحفہ بھی قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی محمد ذیشان علی کی کامیابی کو پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی محض ایک فرد کی انفرادی پیش رفت نہیں بلکہ پاکستان کے عزم، صلاحیتوں اور سائنسی میدان میں آگے بڑھنے کے خواب کی علامت ہے۔ ان کے مطابق زمین سے خلا تک پاکستان کا نام روشن ہونا نوجوان نسل کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔
سپارکو کے مطابق اس خلائی مشن میں محمد ذیشان علی کی بنیادی ذمہ داری پاکستان کے تیار کردہ سائنسی تجربات کو عملی طور پر انجام دینا ہے۔ یہ تجربات پاکستانی جامعات اور محققین کے اشتراک سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی جیسے اہم سائنسی شعبے شامل ہیں۔
ان تحقیقات کا مقصد یہ جاننا ہے کہ خلا کے منفرد ماحول میں مختلف سائنسی اور حیاتیاتی عوامل کس طرح کام کرتے ہیں، ان تجربات سے حاصل ہونے والے نتائج مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، غذائی تحفظ کو بہتر بنانے اور صنعتی ترقی کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس مشن کے اہم تجربات میں مائیکرو الجی یعنی خردبینی آبی جانداروں کی افزائش کا مطالعہ بھی شامل ہے۔ اس تحقیق کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا مائیکرو الجی کو مستقبل میں طویل دورانیے کے خلائی مشنز کے دوران خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس نوعیت کی تحقیق مستقبل میں طویل خلائی سفر اور انسانوں کے خلا میں قیام کو ممکن بنانے کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔
محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز پاکستان کے خلائی پروگرام اور سائنسی تحقیق کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کی شمولیت سے پاکستانی جامعات، محققین اور نوجوان سائنس دانوں کو بین الاقوامی خلائی تحقیق میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملا ہے، جبکہ اس کامیابی کو پاکستان اور چین کے سائنسی تعاون کے فروغ کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







