کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، اس کے باعث شہر میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کسی کو کیا تکلیف ہے کہ عوام کو ان کے حقوق اور اختیارات ملیں؟ انتظامی یونٹس بنانے میں کوئی حرج نہیں، اس معاملے پر اختلاف آئین کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بھی کہتے ہیں کہ انتظامی یونٹس آئین کے مطابق بنائے جائیں، لیکن جب یہ کہا جاتا ہے کہ اس معاملے پر خون کی ندیاں بہہ جائیں گی تو اس سے ان کی سوچ کا اندازہ ہوتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 18 سال کے دوران کراچی کے ساتھ ناانصافی کی گئی۔ ان کے بقول مردم شماری میں شہر کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کم شمار کی گئی، حالاں کہ کراچی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ آبادی کے تناسب سے شہر کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں اور وسائل ملنے چاہییں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 4 ہزار 32 ارب روپے مختص کیے گئے۔ پیپلز پارٹی بتائے کہ یہ رقم کہاں خرچ کی گئی؟ اگر یہ رقم خرچ نہیں ہوئی تو اس کی وجہ بتائی جائے اور اگر خرچ کی گئی ہے تو منصوبوں کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔ گرین لائن منصوبے پر کام وفاقی حکومت نے کرنا تھا، لیکن اس میں 10 سے 11 سال گزر گئے، جب کہ ریڈ لائن منصوبے نے شہر کو کھود کر رکھ دیا ہے۔ کے فور منصوبہ بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت کے مالی معاملات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے کو گزشتہ 18 سال کے دوران قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ، گرانٹس اور رائلٹی کی مد میں 40 ہزار ارب روپے ملے، جب کہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی 16 ہزار ارب روپے حاصل کیے گئے۔ اتنی بڑی رقم خرچ ہونے کے باوجود صوبے بھر کے اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 40 ہزار 900 اسکول ظاہر کرتی ہے، جب کہ 10 لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ حکومت سے پوچھا جائے کہ وہ گھر کہاں ہیں؟ اب 21 لاکھ گھر بنانے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن ان دعوؤں کی حقیقت سامنے آنی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں گندم کی قیمت 6 ہزار روپے کے قریب پہنچ چکی ہے، جب کہ پنجاب میں بھی لوگ پریشان ہیں۔ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، اس کے باوجود کسانوں کو ان کی فصلوں کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔
انہوں نے پنجاب میں گنے کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو مناسب نرخ نہیں دیے جا رہے اور شوگر ملز مافیا کے ذریعے ان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ کبھی چینی درآمد کرنے اور کبھی برآمد کرنے کی اجازت دی جاتی ہے، جس سے ایک مخصوص نظام کو فائدہ پہنچتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، لیکن اختیارات کے معاملے پر ادارے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال دیتے ہیں۔ جب حکومتوں سے وسائل کی کمی کے بارے میں سوال کیا جائے تو وہ پیسہ نہ ہونے کا عذر پیش کرتی ہیں، حالاں کہ پہلے کرپشن ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم صوبائی اور وفاقی سطح پر لوٹی جا رہی ہے۔ حال ہی میں سامنے آنے والی کرپٹ ترین اداروں کی فہرست بھی اسی صورت حال کی عکاسی کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ملک کی کوئی سیاسی جماعت اس نظام کو درست کرنے کے لیے تیار نہیں۔ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے تحریک شروع کی ہے اور وہ عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو مہنگائی سے ریلیف نہیں ملا۔ حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں انسانی صورت حال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور اسرائیل مسلسل امن معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسرائیل کو امریکا کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے، جب کہ پیس بورڈ اپنا کردار ادا نہیں کر رہا۔ مسلم ممالک کو فلسطینیوں کی مدد کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی نے بلوچستان کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں امن قائم کرنے کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کے آئندہ جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 29 نومبر کو مینار پاکستان، 12 دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔







