24 نومبر 2026 کو لاہور ہائیکورٹ بار کے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ آل پارٹیز کنونشن کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جسے بار کے صدر بابر مرتضیٰ نے پڑھ کر سنایا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم نے آئین پاکستان کو مسخ اور عدالتی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔ ان ترامیم کے نتیجے میں آئین کے تحت قائم عدالتی ڈھانچہ منہدم ہوا، شہریوں کو بنیادی حقوق کے نفاذ سے محروم کیا گیا اور انصاف تک رسائی کے راستے بند کر دیے گئے۔
اعلامیے میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پاکستان کے وفاق کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ کنونشن نے پارلیمنٹ کی موجودہ حیثیت اور انتخابی نتائج پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسے آئینی ترامیم منظور کرنے کا اخلاقی اور جمہوری جواز حاصل نہیں۔
آل پارٹیز کنونشن نے مطالبہ کیا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم ختم کرکے آئین بحال کیا جائے، ملک میں قانون کی حکمرانی قائم اور عدلیہ کی مکمل آزادی بحال کی جائے۔
اعلامیے میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے حقیقی جمہوریت کی بحالی، ووٹوں کی شفاف گنتی اور عوام کے حقیقی انتخابی مینڈیٹ کے مطابق اقتدار کی منتقلی پر زور دیا گیا۔

کنونشن نے پارلیمان اور سویلین بالادستی قائم کرنے اور فوجی حکمرانی کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور ان کے خلاف مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیے میں خیبر پختونخوا میں منتخب حکومت کو برطرف کرکے گورنر راج نافذ کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی اور صوبائی حکومت فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
کنونشن نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، دیگر پارلیمانی رہنماؤں بشمول اسپیکر اسمبلی اور تھری ایم پی او کے تحت گرفتار تمام کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے میں انسانی حقوق کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ کو پابند کرنے کے عدالتی اقدام پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔
مزید برآں، لاہور ہائیکورٹ بار آمد پر مولانا فضل الرحمٰن کی مبینہ جبری نظر بندی کی شدید مذمت کی گئی۔
کنونشن نے صوبوں کی تقسیم یا نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کے طریقہ کار کو بھی مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں ماضی کے ریفرنڈمز کے نتائج پہلے سے طے شدہ منصوبوں کے تحت مرتب کیے جاتے رہے ہیں۔







