میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگو کی وزارت صحت نے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا کہ ملک میں اب تک ایبولا کے 12 ہزار 21 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ان میں سے تقریباً نصف مریضوں کا انتقال ہوچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تاریخ میں ایبولا کی سب سے تیزی سے پھیلنے والی وبا ہے۔ کانگو میں اب تک وائرس کی 17 وبائیں سامنے آچکی ہیں، تاہم موجودہ وبا کو ان میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز قرار دیا جا رہا ہے۔
اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ہلاکتوں کی تعداد 2014 سے 2016 کے دوران مغربی افریقہ میں پھیلنے والی ایبولا وبا سے ہونے والی تقریباً 11 ہزار اموات سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
تاہم مشرقی کانگو میں سرکاری فوج اور باغی گروہوں کے درمیان جاری جھڑپیں وائرس پر قابو پانے کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں۔ طبی امدادی ٹیموں کو مسلح تنازعات، دشوار گزار راستوں اور مقامی آبادی میں پائے جانے والے عدم اعتماد اور غلط معلومات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
مسلح جھڑپوں سے طبی امدادی سرگرمیاں متاثر
جمعرات کی صبح مشرقی کانگو کے صوبے ایتوری میں شہر بونیا سے تقریباً 25 کلومیٹر شمال میں واقع ایک کان کنی کے علاقے میں سرکاری فوج اور حکومت مخالف مسلح گروہ ’کنونشن فار دی پاپولر ریولوشن‘ (سی آر پی) کے درمیان دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی۔
بونیا صوبے کا دارالحکومت اور ایبولا سے نمٹنے کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز ہے۔
سی آر پی مشرقی کانگو میں سرگرم 100 سے زائد مسلح گروہوں میں سے ایک ہے۔ اس گروہ کی بنیاد گزشتہ برس سابق جنگجو رہنما تھامس لوبانگا نے رکھی تھی، جنہیں 2012 میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے 15 سال سے کم عمر بچوں کو بھرتی کرکے مسلح تنازعات میں استعمال کرنے کے جرم میں سزا سنائی تھی۔
عالمی ادارہ صحت کی ایبولا سے متعلق ہنگامی کارروائیوں کی سربراہ ڈاکٹر کیتھرین سمال ووڈ کے مطابق رواں ہفتے فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے باعث طبی ٹیمیں وائرس سے متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والے لوگوں کی نگرانی نہیں کرسکیں، جبکہ بعض علاج مراکز میں عملے کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منگل کو عالمی ادارہ صحت کے دو اہلکاروں اور کانگو کے محکمہ صحت کے حکام سمیت تقریباً 12 افراد کو بونیا منتقل کیا گیا۔ یہ افراد صوبائی دارالحکومت کے شمال مشرق میں واقع علاقے اکوے کے ایک اسپتال میں شدید فائرنگ کے باعث تین روز تک محصور رہے تھے۔
ایبولا وائرس کی خطرناک قسم سے پھیلنے والی وبا
کانگو میں ایبولا کی موجودہ وبا کا باضابطہ اعلان مئی 2026 میں کیا گیا تھا۔ یہ وبا بنڈی بگیو وائرس کی ایک نایاب قسم کے باعث پھیلی ہے، جس کے خلاف تاحال کوئی منظور شدہ ویکسین یا مخصوص علاج دستیاب نہیں ہے۔
ایبولا وائرس انسانوں میں شدید اور اکثر جان لیوا بخار کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ بعض مریضوں میں اندرونی اور بیرونی خون بہنے جیسی علامات بھی ظاہر ہوتی ہیں۔ یہ وائرس متاثرہ افراد یا اس بیماری سے جاں بحق ہونے والوں کے خون اور دیگر جسمانی رطوبتوں سے براہ راست رابطے کے ذریعے پھیلتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے مئی 2026 میں اس وبا کو بین الاقوامی تشویش کی حامل صحت عامہ کی ہنگامی صورت حال قرار دیا تھا، جبکہ نومبر 2026 تک یہ ہنگامی حیثیت برقرار ہے۔







