قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ سیمی فائنل میں انڈیا اے نے سری لنکا اے کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا، جسے سری لنکن ٹیم نے 41.3 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا اے کی بیٹنگ
بھارت کے 318 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں نے شاندار سنچریاں اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ 174 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، جب سینتھ جے وردھنا 70 گیندوں پر 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بناکر شہباز احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے اوپنر لسیتھ نے بھی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، تاہم ٹیم کا مجموعی اسکور 265 رنز پر پہنچا تو وہ 107 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بناکر ہرشیت رانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دونوں اوپنرز کے پویلین واپس جانے کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نے بھی بھارتی بولرز کو وکٹ حاصل کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ نشان مدھوشکا 58 اور پاون رتھنائیکے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح سری لنکا اے نے مطلوبہ ہدف 51 گیندیں قبل، 41.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کی جانب سے ہرشیت رانا اور شہباز احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جب کہ دیگر کوئی بھارتی بولر وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
بھارت اے کی بیٹنگ
اس سے قبل بھارت اے کے کپتان تلک ورما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدائی طور پر فائدہ مند ثابت ہوا۔ بھارتی اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
بھارت کی جانب سے اوپنر ابھیشیک شرما نے 63 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جب کہ ویبھو سوریاونشی نے 27 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 80 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
بھارت اے کی پہلی وکٹ 80 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، جب ویبھو سوریاونشی 40 رنز بناکر جنتھ لیانگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جب کہ دوسری وکٹ 159 رنز پر گری اور ابھیشیک شرما 78 رنز بناکر لہرو سماراکون کا شکار بنے۔
اس کے بعد بھارت کو تیسرا نقصان 197 رنز پر اٹھانا پڑا، جب کمار کشاگرا 21 رنز بناکر پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی چوتھی وکٹ 203 رنز پر گری، جب کپتان تلک ورما 53 رنز بنانے کے بعد رویندو فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پانچویں وکٹ 220 رنز پر رنکو سنگھ کی گری، جو 12 رنز بناکر رویندو فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم کا مجموعی اسکور 235 رنز پر پہنچا تو سوریانش شیڈگے 10 رنز بناکر پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی ساتویں وکٹ 308 رنز پر گری، جب تنوش 28 رنز بناکر جنتھ لیانگے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 309 رنز کے مجموعی اسکور پر آٹھویں وکٹ بھی گرگئی اور ہرشیت رانا بغیر کوئی رن بنائے گاروکا سنکیت کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اننگز کے اختتام پر شہباز احمد 54 اور ہرش دوبے 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شہباز احمد نے اپنی اننگز میں 4 چھکے لگائے اور 48 گیندوں کا سامنا کیا۔
اس طرح بھارت اے نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنائے اور سری لنکا اے کو کامیابی کے لیے 318 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے رویندو فرنینڈو، جنتھ لیانگے اور نیپون دھننجایا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ گاروکا سنکیت اور لہرو سماراکون کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستان شاہینز کا سیمی فائنل کل
واضح رہے کہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا دوسرا سیمی فائنل کل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فائنل میں سری لنکا اے کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب بھارت اے کو گروپ مرحلے میں پاکستان شاہینز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس کے علاوہ بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔








