ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ورکشاپ میں 105 سے زائد افراد شریک ہوئے جن میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔ وفد کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی سندھ جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں سندھ کی مجموعی ترقی، معاشی امکانات، سرمایہ کاری، امن و امان اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شرکا کو صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایک ترقی پسند، معاشی طور پر فعال اور مختلف طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والا شہر ہے، اگر شہر میں ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے مواقع موجود نہ ہوتے تو ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ یہاں آکر آباد نہ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین کراچی کے حوالے سے منفی تاثر پیش کرتے ہیں، حالانکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی پوزیشن 2013 میں چھٹے نمبر سے بہتر ہوکر 138ویں نمبر پر آگئی ہے، جو سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو کی تعمیر اور انفرااسٹرکچر کی بہتری حکومت کے اہم اقدامات میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں دل کے مریضوں کے لیے علاج کی وسیع سہولیات دستیاب ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی ترقیاتی ادارے سندھ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے مختلف منصوبوں میں شراکت داری کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایسے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جنہیں سابقہ حکومتیں پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا سکی تھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
سندھ کی تقسیم سے متعلق تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے عوام سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔
کراچی میں حالیہ عمارت گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد سیکریٹری بلدیات اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی افرادی قوت، فنی مہارت اور مجموعی کارکردگی کا جامع آڈٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عمارتوں کے نقشوں کی منظوری اور عدم اعتراض سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے موجودہ طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے تیسرے فریق کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ایسی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی جن سے عمارتوں کی تعمیر اور منظوری کے عمل میں شفافیت اور مؤثریت پیدا ہو۔
انہوں نے سندھ کو مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں مختلف مذاہب اور برادریوں کے افراد باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں مسلمان ووٹروں نے ہندو نمائندوں کو بھی منتخب کیا، جو معاشرتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔
معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ پائیدار روزگار کے لیے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ اسی مقصد کے تحت دھابیجی، بدین اور دیگر علاقوں میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں اور ہاریوں کی مالی معاونت کے لیے خصوصی کارڈز، چھوٹے قرضوں اور دیگر سہولیات کے پروگرام بھی جاری ہیں تاکہ کم آمدنی والے طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے۔
اس موقع پر چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ نے شرکا کو صوبے کے ترقیاتی بجٹ اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے سندھ کا ترقیاتی بجٹ 720 ارب 6 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے۔ اس رقم کے ذریعے بنیادی ڈھانچے، بلدیاتی نظام، آبپاشی، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت، توانائی اور صاف پانی کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور عالمی مالیاتی و ترقیاتی اداروں کے ساتھ جاری شراکت داریوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، مالیاتی نظم و ضبط اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
امن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ میں سیکریٹری داخلہ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں 2026 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 76 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئی جی سندھ جاوید اوڈھو نے کچے کے علاقوں میں پولیس کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہاں 594 افراد نے ہتھیار ڈالے، 306 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 63 افراد ہلاک ہوئے۔
بریفنگ کے مطابق کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ شرکا کو کراچی سیف سٹی منصوبے، ڈیجیٹل پولیسنگ اور جدید نگرانی کے نظام کے تحت کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سیکیورٹی اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے امن کا قیام بنیادی اہمیت رکھتا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس آپریشنز اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ کچے کے علاقوں میں مستقل امن کے لیے صرف سیکیورٹی اقدامات کافی نہیں بلکہ وہاں بحالی، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
تقریب کی نظامت سیکریٹری سیاحت، معدنیات و وسائل نور محمد سموں نے کی، جبکہ انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ اینالیسس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل رضا ایاز نے شرکا کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ نشست کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور شرکا نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔







