ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے بارے میں عطا اللہ تارڑ کا بیان حقائق سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ کیا عطا اللہ تارڑ ان کی زبان بول رہے ہیں؟

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ عطا اللہ تارڑ دوسروں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے نواز شریف کے متنازع بیانات کا جواب دیں۔ ممبئی حملوں کے معاملے پر نواز شریف نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا، عطا اللہ تارڑ بتائیں کہ وہ کس کے مؤقف کی ترجمانی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اپوزیشن میں اداروں پر تنقید کرتی ہے اور حکومت میں انہی اداروں کے پیچھے چھپتی ہے۔ دوسروں سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگنے والے پہلے اپنی قیادت کی سیاسی تاریخ کا حساب دیں۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام مکاتب فکر کو متحد کرکے پاکستان میں خودکش حملوں اور مسلح جدوجہد کے خلاف متفقہ فتویٰ دلوایا، جس کے نتیجے میں انہیں اپنے اوپر 3 خودکش حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، جبکہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ جمعیت علمائے اسلام بنی اور جماعت کے سیکڑوں کارکن شہید کیے گئے۔

اسلم غوری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام دہشت گردی سے متاثر رہی ہے اور اس کے سیکڑوں کارکن اور قائدین شہید ہوچکے ہیں۔ اپنے کارکنوں کا خون دینے والی جماعت کو حب الوطنی کا درس دینا سیاسی کم ظرفی ہے۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ مولانا کی پاکستان سے وفاداری ان کی جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت ہے، سیاسی بیانات سے نہیں۔