ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے زندہ نکالے گئے عادل نے اپنے دو ساتھیوں عاصم اور جبران کی ملبے تلے موجودگی کی اطلاع دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 28 سالہ عادل کراچی کے علاقے گولیمار کا رہائشی ہے اور پیشے کے اعتبار سے ماربل کا کام کرتا ہے۔ عادل کے جسم پر بظاہر کوئی چوٹ یا فریکچر نہیں تھا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران بھی وہ گفتگو کر رہا تھا۔

عادل نے بتایا کہ ملبے تلے اس کے دو ساتھی عاصم اور جبران بھی موجود ہیں۔ اس کے مطابق دونوں افراد بظاہر صحیح سلامت ہیں، تاہم بھوک کی شدت کے باعث بے ہوش ہوچکے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق عاصم اور جبران کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران غیر معمولی احتیاط برتی جا رہی ہے اور بھاری مشینری استعمال کرنے کے بجائے دستی طریقے سے ملبہ ہٹانے اور دبے ہوئے افراد کی تلاش پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہیوی مشینری کے استعمال سے ملبے تلے موجود لاشوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ عمارت کا باقی ماندہ ڈھانچہ بھی مزید منہدم ہونے کا خدشہ ہے۔

حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی

کراچی میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہونے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے، جب کہ 14 افراد زخمی ہیں۔ اس سے قبل ریسکیو حکام نے 13 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔

یاد رہے کہ کراچی میں بلوچ کالونی پُل کے قریب واقع ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں 25 نومبر کو زیرِ تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں منہدم ہوگئی تھیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق چھ منزلہ عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی اور گرنے سے قبل اس میں لرزش محسوس کی گئی تھی۔ حادثے کے وقت مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ اچانک دھماکے جیسی زوردار آواز آئی اور عمارت منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔