وزارت خارجہ کے مطابق مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا دوسرا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
سعودی عرب کے وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔
ترکیہ کے وفد کی قیادت وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کی، جبکہ وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بایراکتاروغلو بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں بدلتی ہوئی علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پرامن حل اور مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
تینوں ممالک نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے لیے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، فوجی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا، تاکہ تینوں ممالک کی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں تینوں ممالک نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی۔
شرکا نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت اور اجتماعی کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس تینوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور یکجہتی کی علامت ہے اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار اور روابط کا بھی مظہر ہے۔







