پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے فوجی دستوں کے اعزاز میں گزشتہ روز الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور لاہور کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ اقدام سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب کی سرزمین پر رہتے ہوئے طے شدہ ذمہ داریاں اور دفاعی تعاون کے متفقہ فریم ورک کے تحت فرائض انجام دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے واضح کیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔







