مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد نے دو پک اپ گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار مزدوروں کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی علاقے میں لے گئے، جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اغوا کیے گئے مزدوروں کی مجموعی تعداد 16 تھی، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد اور واقعے کی دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
کوہلو کے ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مزدور چمالانگ کے علاقے سے دو گاڑیوں میں دکی جا رہے تھے کہ اُوسڑی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیاں روک لیں۔
اہلکار کے مطابق مسلح افراد نے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا، جب کہ 11 مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں سات افغان شہری جبکہ چار کا تعلق مقامی قبائل سے ہے۔
سرکاری اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش اور دیگر مغوی مزدوروں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ مزدور چمالانگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے اور چھٹی پر دو پک اپ گاڑیوں میں دکی جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چمالانگ میں 11 بے گناہ مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب مقامی مزدوروں کو نشانہ بنایا۔
ان کے بقول بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانا امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے اور فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ چمالانگ اور دکی کے علاقوں میں ماضی میں بھی کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔







